قومی شاہرات و موٹرویز کے سنٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن بڑھ گئی ہے اور ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے ایم 2 پر لاہور، کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم 3 پر شرقپور، ننکانہ صاحب اور جڑانوالہ جبکہ موٹروے ایم 11 پر بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سنٹرل زون کی قومی شاہراہوں کے سیکٹر 1، 2 اور 3 کے مختلف شہروں میں بھی بارش جاری ہے۔سنٹرل ریجن کے ترجمان سید عمران احمد نے روڈ یوزرز سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں، دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورتحال کا جائزہ لیں اور دورانِ سفر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔