لاہور میں پولٹری فارمرز نے ایک بار پھر سرکاری نرخوں پر عمل درآمد سے انکار کر دیا، جس کے باعث شہریوں کو مرغی کے گوشت کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولٹری فارمرز نے زندہ برائلر سرکاری نرخ 383 روپے فی کلو کے بجائے 405 روپے فی کلو فراہم کیا۔ سرکاری نرخ پر مرغی نہ ملنے کے باعث مارکیٹ میں برائلر گوشت بھی مقررہ قیمت 595 روپے فی کلو پر دستیاب نہ ہو سکا۔شہریوں کو مرغی کا گوشت 650 سے 680 روپے فی کلوگرام تک خریدنا پڑ رہا ہے۔ ہول سیل سطح پر زندہ برائلر کی قیمت 397 روپے فی کلو مقرر تھی جبکہ پرچون قیمت 411 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، مگر اس پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا۔دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 1 روپے اضافے کے ساتھ 301 روپے فی درجن میں فروخت ہورہے ہیں۔