ایبٹ آباد: ڈمپر حادثے میں 3 بچے جاں بحق، 5 شدید زخمی

ایبٹ آباد: ڈمپر حادثے میں 3 بچے جاں بحق، 5 شدید زخمی

ایبٹ آباد کے لیڈی گارڈن پارک کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں ڈمپر کی ٹکر سے اسکول کے 8 بچے کچلے گئے، جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ صبح اسکول ٹائم کے دوران پیش آیا، جب بچے پارک کے قریب سڑک عبور کر رہے تھے کہ بے قابو ڈمپر ان پر چڑھ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق بچوں کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں خصوصی طبی نگہداشت دی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت یا کسی فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ والدین اور شہریوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور اسکول کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔