کراچی(آئی این پی ) پاکستان میں رواں سال کے دوسرے مکمل چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا جس کا مشاہدہ پاکستان کے علاوہ یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اورجنوبی امریکا میں کیا جا سکے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستانی وقت کے مطابق 7 ستمبر کی رات 8 بجکر 28 منٹ پر چاند کی روشنی مدہم ہونے لگے گی، چاند کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 9 بجکر 27 منٹ پر ہوگا اور چاند کو مکمل گرہن کا آغاز 10 بجکر 31 منٹ پر ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن 11 بجکر 12 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا، مکمل چاند گرہن کا اختتام 11 بجکر 53 منٹ پر ہوگا، جزوی چاندگرہن کا اختتام 12 بجکر 57 منٹ پر ہوگا اور رات ایک بج کر 55 منٹ پرچاند گرہن مکمل اختتام کو پہنچ جائے گا