پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی تو احتجاج کے بجائے فیصلے کو عزت و احترام کے ساتھ قبول کیا
ن لیگ میں شمولیت کسی عہدے، سیٹ یا ذاتی مفاد کیلئے نہیں : بہرہ مند تنگی کی تقریب میں گفتگو
پشاور(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا سیاسی سفر 1981 میں پاکستان پیپلز پارٹی سے شروع کیا تھا اور طویل عرصے تک اسی جماعت کے ساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی تو انہوں نے احتجاج کرنے یا اختلاف پیدا کرنے کے بجائے فیصلے کو عزت و احترام کے ساتھ قبول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ان کی پہلی سیاسی درسگاہ تھی لیکن وقت اور حالات نے انہیں ایک نئے سیاسی سفر پر آمادہ کیا۔انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے دل میں ملک، عوام اور ریاستی اداروں کے لئے حقیقی درد پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ن لیگ کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کسی عہدے، سیٹ یا ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ ایک کارکن کی حیثیت سے ملک اور عوام کی خدمت کیلئے کی گئی ہے۔