ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ سی کے مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے روایتی مصافحہ نہیں کیا، تاہم میدان میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر بھارتی کپتان کرونال پانڈیا اور عباس آفریدی نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہ ہونے کے واقعے نے 2025 کے ایشیا کپ کی یاد تازہ کردی، جب دبئی میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔میدان میں مقابلے کا آغاز ہوا تو بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے۔ بھارتی بیٹر ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو ایک بڑا مجموعہ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کو فتح کے لیے 89 رنز کا ہدف ملا، جس کے تعاقب میں عباس آفریدی نے بھارتی بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کیا۔ انہوں نے کرونال پانڈیا کے پہلے ہی اوور میں 5 چھکے لگا کر 31 رنز حاصل کیے اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔عباس آفریدی نے مجموعی طور پر صرف 8 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ خواجہ نافع نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 12 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستانی ٹیم نے بھارت کا 89 رنز کا ہدف محض 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا اور یوں گروپ سی کے اس مقابلے میں 4 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔