بھارت میں پراسرار کیش آن ڈیلیوری پارسل، خاتون کو آرڈر کیے بغیر استعمال شدہ کرتا موصول

بھارت میں پراسرار کیش آن ڈیلیوری پارسل، خاتون کو آرڈر کیے بغیر استعمال شدہ کرتا موصول

ویب ڈیسک: بھارت میں ایک خاتون کو موصول ہونے والے پراسرار کیش آن ڈیلیوری پارسل نے آن لائن فراڈ اور ذاتی معلومات کے تحفظ سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی۔

بھارتی خاتون کرن منرال کے مطابق انہیں ایک ایسا پارسل موصول ہوا جس پر ان کا درست نام، فون نمبر اور گھر کا پتہ درج تھا، حالانکہ انہوں نے اس کے لیے کوئی آرڈر نہیں کیا تھا۔خاتون کی غیر موجودگی میں ان کے بیٹے نے پارسل وصول کیا اور اس کی رقم بھی ادا کردی۔ تاہم پارسل کھولنے پر اندر سے مبینہ طور پر پھٹا ہوا اور استعمال شدہ کرتا برآمد ہوا۔کرن منرال نے واقعے کو ممکنہ فراڈ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ان کی ذاتی معلومات کسی نامعلوم بھیجنے والے تک کیسے پہنچیں۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ ممکن ہے مزید افراد بھی اسی نوعیت کے فراڈ کا نشانہ بن چکے ہوں۔

واقعے کی شکایت پر پارسل ڈیلیور کرنے والی کمپنی ’دہلی ویری‘ نے خاتون سے معذرت کی اور معاملہ اپنی متعلقہ ٹیم کو تحقیقات کے لیے بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی ذاتی معلومات کے غلط استعمال اور کیش آن ڈیلیوری پارسلز کے ذریعے ممکنہ فراڈ کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔