خلا سے پراسرار ریڈیو سگنل موصول، کیا زمین کے علاوہ بھی زندگی موجود ہے؟ سائنسدانوں کی تحقیق جاری

خلا سے پراسرار ریڈیو سگنل موصول، کیا زمین کے علاوہ بھی زندگی موجود ہے؟ سائنسدانوں کی تحقیق جاری

خلائی مخلوق اور زمین کے علاوہ دیگر سیاروں پر زندگی کی تلاش میں مصروف سائنسدانوں نے خلا سے آنے والے ایک پراسرار ریڈیو سگنل کا سراغ لگایا ہے، جس نے کائنات میں زندگی کی ممکنہ موجودگی کے حوالے سے سائنسی حلقوں میں نئی دلچسپی پیدا کردی ہے۔

 تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ اس سگنل کو خلائی مخلوق کا پیغام قرار دینے کے لیے فی الحال کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔غیر ملکی میڈیا ڈیلی میل کے مطابق چینی سائنسدانوں کی سربراہی میں ایک تحقیقی ٹیم نے دنیا کی سب سے بڑی سنگل ڈش ریڈیو دوربین ’فاسٹ‘ (FAST) کے پرانے ڈیٹا کا دوبارہ تجزیہ کرتے ہوئے اس غیر معمولی سگنل کی نشاندہی کی۔

پراسرار سگنل کہاں سے موصول ہوا؟

سائنسدانوں کے مطابق NBS 260108 نامی یہ ریڈیو سگنل زمین سے تقریباً 238 نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے نظام K2-155 کی سمت سے ریکارڈ کیا گیا۔اس نظام میں زمین سے بڑے حجم کے تین سیارے موجود ہیں۔ ان میں سے ایک سیارہ ایسے علاقے کے قریب واقع ہے جہاں حالات پانی کی موجودگی کے لیے موزوں ہو سکتے ہیں۔ سائنسدانوں کے نزدیک ایسے سیاروں کا مطالعہ زمین سے باہر زندگی کے امکانات جانچنے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

سگنل میں کیا غیر معمولی بات تھی؟

تحقیقی ٹیم کے مطابق اس سگنل کی خاص بات اس کی ریڈیو فریکوئنسی میں وقت کے ساتھ بتدریج تبدیلی تھی، جس نے اسے معمول کے ریڈیو سگنلز سے مختلف بنا دیا۔مزید دلچسپ پہلو یہ تھا کہ فاسٹ دوربین کے 19 ریسیور بیمز میں سے صرف ایک میں یہ سگنل ریکارڈ ہوا، جبکہ باقی 18 بیمز میں اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔سائنسدان اس غیر معمولی مشاہدے کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سگنل کا اصل ماخذ کیا ہے اور آیا یہ واقعی خلا میں موجود کسی قدرتی ذریعے سے آیا یا کسی اور وجہ سے ریکارڈ ہوا۔

کیا یہ خلائی مخلوق کی جانب سے بھیجا گیا پیغام ہے؟

پراسرار ریڈیو سگنل کی دریافت کے باوجود محققین نے احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے خلائی مخلوق کی موجودگی کا ثبوت نہیں سمجھا جا سکتا۔سائنسدانوں کے مطابق اس قسم کے سگنلز انسانی ٹیکنالوجی، زمین پر موجود مواصلاتی آلات یا دیگر ریڈیو مداخلت کے باعث بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے اس کے ماخذ کی حتمی شناخت کے لیے مزید مشاہدات اور تفصیلی تحقیق ضروری ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خلا سے موصول ہونے والے غیر معمولی سگنلز کی جانچ میں سب سے اہم مرحلہ یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ ان کا تعلق کسی زمینی یا انسانی ساختہ ذریعے سے نہیں۔

تحقیق سائنسی جریدے میں شائع

اس پراسرار ریڈیو سگنل سے متعلق تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’دی ایسٹرونومیکل جرنل‘ (The Astronomical Journal) میں شائع کیے گئے ہیں۔