سوات: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے دوران سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، مذاکرات تو جنگوں کے دوران بھی ہوتے ہیں اور ہمارا لانگ مارچ رکا نہیں ہے۔
سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات کے حوالے سے مخلص ہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان پُرامن ہیں اور جمہوری نظام میں احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا اظہار آئینی اور جمہوری طریقے سے کیا جانا چاہیے۔بیرسٹر گوہر نے دہشت گردی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل اسی وقت نتیجہ خیز ہوسکتا ہے جب حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سمیت اہم معاملات پر پیش رفت کی جائے۔