چندی گڑھ: بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرنے پر بھارت پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔وقت کی دی گئی رعایتوں کو مدنظر رکھنے کے بعد بھارتی ٹیم مقررہ اوور ریٹ سے 4 اوورز جبکہ ویسٹ انڈیز 2 اوورز پیچھے رہی۔آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رکن پرکاش بھٹ نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔ دونوں کپتانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔بھارت نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز پہلے ہی 0-2 سے اپنے نام کرلی تھی، تاہم آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔
شائے ہوپ کی ناقابل شکست 162 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 352 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جو ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا اب تک کا سب سے بڑا کامیاب ہدف ہے۔اب دونوں ٹیمیں 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔