ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے ایک بار پھر آواز بلند کردی۔
انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر گوگل ارتھ کی جنگ سے پہلے اور بعد کی تصاویر شیئر کیں، جن میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی دیکھی جاسکتی ہے۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اب گوگل ارتھ کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ کے ساتھ کیا ہوا۔ ان کے مطابق پورے کے پورے محلے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جون تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں نقصان سے متاثر ہوچکی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر غزہ میں ہونے والی تباہی کی شدت تو دکھا سکتی ہیں، تاہم یہ متاثرہ خاندانوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تکلیف اور مشکلات کو بیان نہیں کرسکتیں۔