بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے بیٹے میڈوکس نے قانونی طور پر نام سے ’’پٹ‘‘ ہٹا دیا

بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے بیٹے میڈوکس نے قانونی طور پر نام سے ’’پٹ‘‘ ہٹا دیا

ہالی ووڈ کے مشہور اداکار بریڈ پٹ اور اداکارہ انجلینا جولی کے بڑے بیٹے میڈوکس نے اپنے نام سے “پٹ” ہٹا کر اسے قانونی طور پر تبدیل کر لیا ہے، اور اب وہ سرکاری دستاویزات میں صرف “میڈوکس جولی” کے نام سے جانے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق میڈوکس نے مئی 2026 میں نام کی تبدیلی کے لیے باضابطہ قانونی کارروائی شروع کی تھی، جو اب مکمل ہو چکی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ان کے نام سے والد کے خاندانی نام “پٹ” کا استعمال ختم ہو گیا ہے۔میڈوکس پہلے ہی اپنے مختلف فلمی اور پروڈکشن پروجیکٹس میں یہی نام استعمال کر رہے تھے۔ مثال کے طور پر 2024 کی فلم Maria میں انہیں “میڈوکس جولی پٹ” کے طور پر کریڈٹ کیا گیا تھا، جبکہ 2025 کی فلم Couture میں، جہاں وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہے تھے، ان کا نام “میڈوکس جولی” درج تھا۔یہ پہلا موقع نہیں کہ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے بچوں نے اپنے نام سے “پٹ” ہٹانے یا اسے کم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہو۔ رپورٹس کے مطابق ان کے کم از کم چار بچوں نے مختلف مواقع پر اپنا خاندانی نام تبدیل کرنے یا نہ استعمال کرنے کا رجحان ظاہر کیا ہے۔

میڈوکس کا یہ اقدام ان کے خاندان کے اندر جاری طویل عرصے سے موجود ذاتی اور قانونی معاملات کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ دونوں اداکاروں کی شادی 2014 میں ہوئی تھی جبکہ 2016 میں ان کے درمیان طلاق کی قانونی کارروائی شروع ہوئی، جس کے بعد بچوں کی تحویل اور دیگر خاندانی معاملات پر تنازعات بھی سامنے آتے رہے۔اگرچہ خاندان کی جانب سے اس فیصلے پر باضابطہ طور پر تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین کے مطابق یہ تبدیلی میڈوکس کی اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی شناخت کو والدہ کے خاندانی نام سے زیادہ قریب رکھنے کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔