سربیا: یوئیفا نیشنز لیگ میں آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان میچ 1-1 سے برابر ہوگیا، تاہم مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔
بند دروازوں کے پیچھے کھیلے گئے میچ کے دوران ہاف ٹائم پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ صورتحال پیدا ہوگئی۔ آئرش کیمپ کی جانب سے ایک اسرائیلی کھلاڑی پر تھوکنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔آئرلینڈ کے کوچ ہیمر ہالگریمسن نے کہا کہ انہیں محسوس ہوا کہ اسرائیلی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے آئرش کھلاڑیوں پر دباؤ ڈالنے اور انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جذبات پر قابو رکھنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے پر تعریف کی۔دوسری جانب اسرائیل کے کوچ ران بین شمون نے ہاف ٹائم کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دوران ڈریسنگ روم میں موجود تھے اور انہوں نے خود کچھ نہیں دیکھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی گزشتہ ہفتے بھی اس وقت سامنے آئی تھی جب آئرلینڈ کی پری میچ پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی صحافیوں نے آئرش کھلاڑیوں پر مبینہ نسل پرستی سے متعلق سوالات کیے تھے۔ آئرش حکام نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔دریں اثنا، آئرش فٹبال حکام کھلاڑی ایڈم آئیڈاہ کے خلاف مبینہ نسلی بدسلوکی کے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔سیاسی کشیدگی کے باعث آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے فٹبال مقابلے پہلے ہی تنازع کا شکار رہے ہیں، تاہم آئرلینڈ نے دونوں میچز میں شرکت کا فیصلہ کیا۔