لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے، استاد کا مرتبہ اور عظمت لازوال ہے۔
اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے معلم اعظم حضرت محمد ﷺ پر کروڑوں درود و سلام پیش کرتے ہوئے قابل احترام اساتذہ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ اپنے گرامی قدر اساتذہ سمیت ہر استاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ٹیچرز ڈے پر پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کے اخلاص، محنت اور لگن کو سراہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے شفیق اساتذہ کے لیے آج بھی عزت و احترام کا جذبہ برقرار ہے۔مریم نواز نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا سب سے معتبر طبقہ ہیں، استاد ہی طالب علم کو فرش سے عرش کی جانب لے جاتا ہے۔ ایک اچھا استاد طالب علم کو صرف علم ہی نہیں دیتا بلکہ ادب، اخلاقی اقدار اور معاشرتی روایات سے بھی روشناس کراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں نوازشریف اسکول آف ایمننس جیسے پروگرام متعارف کرا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق طلبہ کو جدید علوم و فنون سے روشناس کرانے کے لیے پرائمری ایجوکیشن میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) متعارف کرائی جا رہی ہے۔مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اساتذہ کو انگریزی بول چال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید طرزِ تدریس سے روشناس کرانے کے لیے مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔