لبنان کا اسرائیل سے تمام لبنانی سرزمین سے انخلا کا مطالبہ

لبنان کا اسرائیل سے تمام لبنانی سرزمین سے انخلا کا مطالبہ

بیروت: لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ تسلیم شدہ بین الاقوامی سرحدوں تک تمام لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا ہونا چاہیے۔

نواف سلام نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری کی بحالی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی جانب سے مذاکرات، جنگ اور امن سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار صرف لبنانی ریاست کو حاصل ہے۔لبنانی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تمام اسیروں کی رہائی چاہتی ہے اور اس کی ترجیح یہ ہے کہ متاثرہ علاقوں کے رہائشی اپنے گاؤں اور قصبوں میں محفوظ اور باوقار انداز میں واپس جا سکیں۔انہوں نے جنگ سے متاثرہ اور تباہ ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ نواف سلام کے مطابق امریکہ کی ثالثی میں جاری مذاکرات کا مقصد ایسے انتظامات طے کرنا ہے جو جنگ کے خاتمے اور لبنان کی خودمختاری کی بحالی کی ضمانت فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاہدے کو محض اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے واضح ٹائم لائن اور فریقین کی ذمہ داریاں پوری ہونے کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر طریقہ کار کے ساتھ عملی اقدامات میں تبدیل کیا جانا ضروری ہے۔