جنیوا: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ٹرک نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان کے بڑے علاقوں پر اپنا قبضہ ختم کرے اور رہائشی گھروں کی مسماری فوری طور پر روکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وولکر ٹرک نے اپنے حالیہ دورۂ لبنان کے دوران سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والے شہریوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں متاثرہ افراد کی صورتحال اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے بعد اپنے بیان میں وولکر ٹرک نے کہا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کی بعض کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔ انہوں نے شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی، رہائشی مکانات کی مسماری اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ درجنوں طبی کارکنوں اور صحافیوں کی ہلاکتوں پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شہری آبادی کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری کریں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دیں۔