سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کے ہسپتالوں کے باہر تجاوزات، ریڑھیوں، رکشہ اسٹینڈز اور رانگ پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو ہسپتالوں کے باہر ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے اور ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ہسپتالوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں کو بھی ساتھ رکھا جائے۔ انہوں نے ہسپتالوں کی دیواروں کے ساتھ قائم ریڑھیوں اور دیگر تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی روڈز اور گیٹس ہر صورت کلیئر رکھے جائیں تاکہ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور سکیورٹی افسران سے ملاقاتیں کرنے کی بھی ہدایت کی۔سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز ایمبولینس کا سائرن سنتے ہی اسے ترجیحی بنیادوں پر راستہ فراہم کریں، جبکہ ہسپتالوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔