محسن نقوی کی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات، صوبے کی صورتحال پر اہم مشاورت

 پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبائی سطح پر مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبے میں بڑھتی بدامنی، سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی ملاقات میں اس خدشے پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ لانگ مارچ کے دوران دہشت گردوں کو سیکیورٹی چیک پوسٹوں سے بحفاظت گزارنے کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ملاقات کے اعلامیے کے مطابق مذاکراتی عمل میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق صوبائی حکومت کا رویہ اور کردار عوام اور صوبہ دشمنی کے مترادف تھا، جبکہ مسائل کے حل پر اتفاق کے بعد صوبائی حکومت نے ہٹ دھرمی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوٹرن کی روش دہرائی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزرا کی جانب سے لانگ مارچ کے دوران ہیلی کاپٹر اور دیگر سرکاری وسائل کے استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف معاملات پر مشاورت کی گئی ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبے کو دہشت گردی اور تباہی سے بچانے کے لیے جب بھی صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنا ضروری سمجھیں گے تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا۔