اسلام آباد(آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات ہوئی۔گورنر کے پی کے نے بتایا کہ ضم اضلاع کے عمائدین کا ایک جرگہ جلد ہی صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ اور دیگر مقتدر شخصیات سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی ملاقات میں شریک تھے ،ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کے ممبران کی کامیابی کے حوالے سے بہترین حکمت عملی پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔