کسی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا اختیار نہیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

 کسی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا اختیار نہیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کسی بھی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

 انہوں نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں وفد نے وزیراعلیٰ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی آزاد نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت تمام صوبوں کا آئینی حق ہے، اور کسی بھی صوبے کو اس حق سے محروم کرنا غیرقانونی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر عوام کے روزی روٹی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

سہیل آفریدی نے وفد کو خیبر پختونخوا کے عوام کا سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گندم کے مسئلے کے حل کے لیے بین الصوبائی ہم آہنگی ضروری ہے، تاکہ عوام کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ملاقات میں سینیٹر دلاور خان، محسن عزیز، نسیمہ احسان، ناصر محمود، ہدایت اللہ خان، نیاز احمد، مصدق مسعود اور دیگر ارکان شریک تھے، جب کہ مشیر خزانہ مزمل اسلم، سیکرٹری خوراک شاہ محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔