بلوچستان :مسلح افراد نے اسلحہ لوٹ کر تھانہ نذر آتش کر دیا

 ضلع کچھی میں پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا ئے رکھا، فائرنگ سے خوف وہراس 
 تحصیل آفس اور مقامی سرکاری ہسپتال پر بھی قبضہ،سرکاری ریکارڈ بھی جلا ڈالا 
ڈیرہ مراد جمالی (خصوصی رپورٹ)ضلع کچھی کے علاقے کھٹن میں مسلح افراد نے تھانے پر حملہ کر کے پولیس اہلکاروں کویرغمال بنانے کے بعد سرکاری اسلحہ گولیاں لوٹ لیں، تھانے اور سرکاری ریکارڈ کو آگ لگا دی جبکہ مسلح افراد نے تحصیل آفس اور ہسپتال پر بھی قبضہ کرکے سرکاری ریکارڈ کو جلادیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کھٹن میں نا معلوم مسلح افراد نے جدید اسلحے کے زور پر پولیس تھانہ کھٹن پر دھاوا بول کر پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اس دوران پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔ سرکاری ریکارڈ اور تھانہ کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا گیا جبکہ مسلح افراد جن کی تعداد درجنوں بتائی جارہی ہے کھٹن کا کنٹرول سنبھال کر تحصیل آفس اور مقامی سرکاری ہسپتال پر بھی قبضہ کرلیا جبکہ مسلح افراد کی فائرنگ سے سخت خوف وہراس پھیل گیا۔لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔