برکی روڈ سے رنگ روڈ کے روہی نالہ تک نئی سڑک تعمیر کی جانی تھی
لاہور (خصوصی رپورٹ)جی او آر ون تک رسائی کے لیے نئی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گیا۔بائیس کلومیٹر طویل اس منصوبے کی لاگت دو ارب چوبیس کروڑ ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی،جبکہ منصوبہ رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل بھی کیا گیا۔تاہم فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث منصوبے پر تاحال کوئی عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ منصوبے کے تحت برکی روڈ سے رنگ روڈ کے روہی نالہ تک نئی سڑک تعمیر کی جانی تھی،جبکہ رنگ روڈ سے ملحقہ سروس روڈ کی بحالی بھی اس منصوبے کا حصہ تھی۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے سڑک کی تعمیر کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کی جسے وزیراعلیٰ نے باضابطہ طور پر منظور بھی کر لیا۔پلان کے مطابق چار ماہ کے اندر سڑک کی تعمیر مکمل کی جانی تھی،مگر بجٹ کے ابتدائی چار ماہ گزرنے کے باوجود عملی کام شروع نہ ہو سکا۔سڑک کی تعمیر سے پیراگون سٹی، ڈی ایچ اے فیز چھ، سات، آٹھ اور نو کے رہائشیوں سمیت گرد و نواح کے علاقوں کے شہری مستفید ہوں گے۔