ٹیپا کو پرندہ مارکیٹ ختم کرنے کا ٹاسک مل گیا

عقیدت مند صدقے کی نیت سے پرندے خرید کر آزاد کرتے تھے
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی دارالحکومت لاہور میں داتا دربار کے اطراف میں ری ماڈلنگ اور توسیعی منصوبے کا نیا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔تیس سال پرانی پرندہ مارکیٹ منصوبے کی زد میں آ گئی۔ضلعی انتظامیہ کے بعد اب ٹیپا کو پرندہ مارکیٹ ختم کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ مارکیٹ تیس برس سے دربار کے عقب میں غیر قانونی طور پر قائم تھی، جہاں دو سو سے اڑھائی سو کے قریب چھوٹی دکانیں موجود تھیں۔عقیدت مند صدقے کی نیت سے یہاں سے پرندے خرید کر آزاد کرتے تھے، تاہم پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی متعدد کارروائیوں کے باوجود پرندوں کی غیر قانونی فروخت کا سلسلہ بند نہ ہو سکا۔ابتدائی طور پر ضلعی حکومت کو پرندہ مارکیٹ ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، مگر اب داتا دربار ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت یہ ذمہ داری ٹیپا کو سونپ دی گئی ہے۔ ٹیپا نے مارکیٹ کے انہدام کے لیے آپریشنل پلان تیار کر لیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں گرا ئونڈ ایکشن شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت پرندہ مارکیٹ کی جگہ داتا دربار کے گرد سرکلر پاتھ وے اور سڑکوں کی توسیع کی جائے گی۔زائرین کی سہولت کے لیے نیا پارکنگ پلازہ، واک ویز، سکیورٹی گیٹس اور بہتر ٹریفک ری ڈیزائننگ بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔