سڑکوں کی مرمت کیلئے فنڈز نہ مل سکے،ٹیپا کو مشکلات

لاہور (سپیشل رپورٹر) سڑکوں کی مرمت کیلئے فنڈز نہ ملنے کے باعث   ٹیپا کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیل کے مطابق سڑکوں پر پیچ ورک لگانے کے لئے ٹیپا میں ایم اینڈ آر ڈائریکٹوریٹ تشکیل دیا گیا لیکن اسے فنڈز   نہیں  دئییگئے جس کے باعث  ایم اینڈ آر ڈائریکٹوریٹ سڑکوں کی مرمت سے متعلق بند گلی میں پھنس گیا۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ایم اینڈ آر ڈائریکٹوریٹ  کیلئے 50کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دی۔ گورننگ باڈی کی منظوری کے باوجود ایل ڈی اے نے ٹیپا کو فنڈز نہ دئیے۔ ٹیپا انتظامیہ نے فنڈز نہ دینے پر ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر فنانس کو مراسلہ بھی لکھا    جس  میں پچاس کروڑ روپے جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے پانچویں اجلاس میں ٹیپا کو فنڈز دینے کی منظوری ہوئی۔ ٹیپا نے 17 اکتوبر  کے مراسلے میں بھی فنڈز کے اجرا کی استدعا کی تھی۔ ایل ڈی اے بجٹ 2023-24 کے ایمرجنسی ورکس ہیڈ سے فنڈز جاری کئے  جانے تھے۔ سڑکوں کی مرمت ،پیچ ورک اور شگاف کی مرمت کا کام نئے ڈائریکٹوریٹ کو تفویض کیا گیا۔ گزشتہ12سال سے بند  ایل ڈی اے کے   اسفالٹ بند کو بھی چالو کیا گیا لیکن  اسفالٹ پلانٹ کو مزید چلانے کے لیے فنڈز کا اجرا ممکن نہ ہوسکا۔شہر  میں پہلے سے نصب شدہ کرب سٹون کی مرمت ،تبدیلی اور پینٹنگ کے لئے بھی  فنڈز  جاری نہیں ہو سکے۔