بجٹ میں ایل ڈی اے ،ٹیپا نظرانداز،شہری سہولتوں کو دھچکا

ایل ڈی اے کی 5 منصوبوں کیلئے 18 ارب 20 کروڑ کی سفارش ،صرف1کروڑ مختص 
ٹیپا کی لاہور کیلئے 22 چوکنگ پوائنٹ کی اپ گریڈیشن کی تجویز،کوئی منصوبہ شامل نہ ہوسکا
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں لاہور کے دو اہم ترقیاتی اداروں، ایل ڈی اے اور ٹیپا کو مبینہ طور پر مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں دونوں اداروں کے مجوزہ منصوبوں کو شامل نہ کرکے شہر کی انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔ایل ڈی اے کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا میگا پراجیکٹ نہیں دیا گیا۔ ادارے نے شہر کیلئے مزید دو فلائی اوور اور ایک انڈر پاس بنانے کی تجاویز دی تھیں جنہیں پنجاب حکومت نے مسترد کر دیا۔ایل ڈی اے نے5بڑے منصوبوں کیلئے حکومت سے 18 ارب 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی سفارش کی ، مگر بجٹ میں صرف ایک کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ کریم مارکیٹ سے موٹر وے ایم ٹو تک سگنل فری کوریڈور،قزلباش چوک رائیونڈ روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر، کماہاں لدھڑ روڈ اعظم چوک سے رانا چوک تک سڑک کی تعمیر، فیروزپور روڈ کینال جنکشن سے گجومتہ تک مرمت و بحالی،یہ تمام منصوبے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے باہر رکھے گئے ۔دوسری جانب ٹیپا نے لاہور کیلئے 22 چوکنگ پوائنٹ کی اپ گریڈیشن کی تجویز دی مگر بجٹ میں ایک بھی منصوبہ شامل نہ ہو سکا۔پنجاب حکومت نے ٹریفک رکاوٹ بننے والے 12 اہم مقامات کی بحالی کی منظوری کا عمل بھی روک دیا ۔بجٹ میں ان اداروں کو نظر انداز کرنے سے شہر میں بڑھتی ٹریفک، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں اور انفراسٹرکچر کے بگڑتے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔