اسلام آباد ہائی کورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کے حق میں اہم فیصلہ دیتے ہوئے ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) سے فوری طور پر نکالنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
جسٹس اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چھ صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ رجب بٹ کا نام پی سی ایل میں برقرار رکھنا غیر قانونی، غیر ضروری اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔سماعت کے دوران رجب بٹ کی جانب سے وکیل بیرسٹر زاہد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پر ان کا نام فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ ادارے کو رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ہٹانے پر کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ چونکہ درخواست گزار متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، اس لیے ان کا نام برقرار رکھنے کا مزید قانونی جواز موجود نہیں۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکام کو فوری طور پر نام فہرست سے حذف کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔