انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کی کیٹیگریز میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
ون ڈے ویمنز بیٹرز رینکنگ میں بھارت کی سمریتی مندھنا نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ جنوبی افریقہ کی لورا وولوارڈٹ دوسرے اور آسٹریلیا کی بیتھ مونی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے سدرا امین شاندار کارکردگی کے بعد 3 درجے ترقی پا کر 11ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔ اسی طرح صدف شمس 12 درجے ترقی کے بعد 72ویں جبکہ نجیہہ علوی 28 درجے بہتری کے ساتھ 86ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔بولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کی الانا کنگ بدستور پہلے نمبر پر ہیں، انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن دوسرے اور آسٹریلیا کی ایشلی گارڈنر تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کی نشرہ سندھو ایک درجہ ترقی کے بعد 11ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا دو درجے بہتری کے بعد 26ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔آل راؤنڈرز رینکنگ میں آسٹریلیا کی ایشلی گارڈنر پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ فاطمہ ثنا 2 درجے ترقی کے بعد 15ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستانی ویمن کرکٹرز کی رینکنگ میں بہتری ٹیم کی کارکردگی میں مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔