پرو ہاکی لیگ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا، دو کھلاڑی انجری کے باعث باہر

پرو ہاکی لیگ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا، دو کھلاڑی انجری کے باعث باہر

پرو ہاکی لیگ کے آغاز سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے، کیونکہ دو اہم کھلاڑی انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حنان شاہد اور سفیان خان فٹنس مسائل کے باعث پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ہیڈ کوچ منظور الحسن نے دونوں کھلاڑیوں کی انجریز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو متبادل کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔اطلاعات کے مطابق حنان شاہد کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا ہے، جو پہلے بھی ان کی کارکردگی اور تسلسل میں رکاوٹ بنتی رہی ہے۔ دوسری جانب سفیان خان گھٹنے کی پرانی تکلیف کے دوبارہ بڑھنے کے باعث مکمل فٹ نہیں ہو سکے۔ٹیم مینجمنٹ نے فوری طور پر متبادل کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، جس کے تحت عبدالمنان اور بشارت علی کو لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے تاکہ وہ جلد ٹیم کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکیں۔

پاکستانی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ کے لیے روانگی 9 جون کو شیڈول ہے، جہاں انہیں پہلے مرحلے میں اسپین اور بیلجیئم کے خلاف دو، دو میچز کھیلنے ہیں۔ اس کے بعد ٹیم لندن جائے گی جہاں انگلینڈ اور بھارت کے خلاف بھی اہم میچز شیڈول ہیں۔ماہرین کے مطابق دو اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی ٹیم کی کارکردگی پر اثر ڈال سکتی ہے، تاہم کوچنگ اسٹاف پر امید ہے کہ متبادل کھلاڑی موقع سے فائدہ اٹھا کر بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔