آئی پی ایل 2026 سے قبل چنئی سپر کنگز کو بڑا دھچکا، مہندر سنگھ دھونی 2 ہفتے کیلئے باہر

آئی پی ایل 2026 سے قبل چنئی سپر کنگز کو بڑا دھچکا، مہندر سنگھ دھونی 2 ہفتے کیلئے باہر

آئی پی ایل (انڈین پریمیئر لیگ) 2026 کے آغاز سے قبل چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو بڑا دھچکا لگا ہے، سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کم از کم دو ہفتوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

چنئی سپر کنگز نے اس حوالے سے آفیشل بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دھونی پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ (کاف اسٹرین) کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ آئی پی ایل 2026 کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ایس کے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا:“مہندر سنگھ دھونی اس وقت پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، جس کے باعث وہ آئی پی ایل 2026 کے پہلے دو ہفتوں میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ جلد صحت یاب ہوں، تھالا!”سی ایس کے کے شیڈول کے مطابق ٹیم پہلا میچ 30 مارچ کو گوہاٹی میں راجستھان رائلز کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد 3 اپریل کو پنجاب کنگز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر مقابلہ ہوگا، جبکہ 5 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلورو اور 11 اپریل کو دہلی کیپٹلز کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔

ان چار میچوں کے بعد چنئی سپر کنگز کا اگلا مقابلہ 14 اپریل کو کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ہوگا۔ اگر دھونی کی انجری بروقت ٹھیک نہ ہوئی تو وہ اس میچ سے بھی باہر رہ سکتے ہیں، جبکہ ان کی ممکنہ واپسی 18 اپریل کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ 44 سالہ مہندر سنگھ دھونی اپنی کپتانی میں چنئی سپر کنگز کو 5 بار آئی پی ایل چیمپئن بنا چکے ہیں، جبکہ وہ 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔