رواں سال کے پہلے چار ماہ میں جرائم میں نمایاں کمی

ابتدائی چار ماہ گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ثابت ہوئے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے جرائم کے کنٹرول میں نمایاں بہتری  لاتے ہوئے گزشتہ برسوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ون فائیو پر موصول ہونے والی کالز کے چار ماہ کے ڈیٹا کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چار ماہ گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ثابت ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال انہی چار ماہ میں 16 ہزار 722 جبکہ رواں سال صرف 4 ہزار 452 سنگین جرائم رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح 2024 میں 24 ہزار 275 اور 2023 میں 33 ہزار 542 سنگین جرائم رپورٹ ہوئے تھے۔اعدادوشمار کے مطابق رواں سال سنگین جرائم میں 2025 کے مقابلے 73 فیصد، 2024 کے مقابلے 82 فیصد اور 2023 کے مقابلے 87 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی، راہزنی، چھینا جھپٹی، موٹر سائیکل اور گاڑی چوری سمیت مختلف جرائم میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق یہ کامیابی پولیس افسران اور جوانوں کی مسلسل محنت اور سیف سٹی منصوبے کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔