کراچی میں گرمی کی شدت سے 8 افرادچل بسے، ہیٹ ویو کی نئی لہر کا خطرہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت سے 8 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک بعض افراد نشے کے عادی تھے، بعض افراد گرمی کی شدت کے باعث انتقال کر گئے۔خیال رہے کہ کراچی میں ان دنوں رواں سال کے گرم ترین دن گزر رہے ہیں۔ شہر میں صبح سے گرم اور خشک لو چل رہی ہے اور پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں 7 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو کی لہر آنے کا امکان ظاہر کردیا۔ انجم نذیر ضیغم نے کراچی میں جاری گرمی کی لہر کے حوالے سے بتایا کہ کراچی میں پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے تاہم منگل سے سے درجہ حرارت میں کچھ کمی متوقع ہے، جس کے بعد پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کا یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا، سندھ کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی 7 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو کی لہر آنے کا امکان ہے جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق 13 مئی کے بعد شہر میں ایک بار پھر درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے، جس کا مطلب ہے کہ مئی کا وسط بھی شدید گرم رہے گا۔شدید گرمی اور متوقع ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں ، پانی اور او آر ایس کا استعمال زیادہ کریں جبکہ سر ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے استعمال کریں۔