کراچی:آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس محکمہ میں موجود مبینہ کرپٹ اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط رکھنے والے اہلکاروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی سمیت سندھ کے مختلف رینجز سے تعلق رکھنے والے 50 پولیس افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
ان تمام اہلکاروں کو پولیس ہیڈکوارٹر ساؤتھ گارڈن کی بیک کمپنی میں بھیج دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔معطل کیے جانے والوں میں 14 انسپکٹرز، 3 سب انسپکٹرز، 1 اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)، ہیڈ کانسٹیبلز اور پولیس کانسٹیبلز شامل ہیں۔ یہ اہلکار کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور میرپور خاص رینجز سے تعلق رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان اہلکاروں پر جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور بدعنوانی کے الزامات ہیں، جس کے باعث ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
علاوہ ازیں، ایسٹ زون کراچی میں تعینات انسپکٹر عامر رفیق کو بھی معطل کر کے بیک کمپنی میں بھیجا گیا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی کا نوٹیفکیشن ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نعیم شیخ نے جاری کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی محکمہ پولیس میں احتساب اور اصلاحات کی پالیسی کے تحت کی گئی ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور فورس کو کرپٹ عناصر سے پاک کیا جا سکے۔