وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے جاری انفراسٹرکچر اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک ملازمت کے اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور عوام کو گمراہ کن اشتہارات سے آگاہ کیا جائے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستہ کے طور پر تیار کیا جائے گا اور ادارے کو ہر سطح پر مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور موجودہ منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔اس اقدام کے تحت توقع کی جا رہی ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے واقعات میں کمی آئے گی اور عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت بڑھے گی۔