قومی پیغام امن کمیٹی (این پی اے سی) نے جی ایچ کیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات کی، جس میں قومی بیانیے کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ملاقات میں پاک افواج سے غیر متزلزل یکجہتی اور ریاست دشمن بیانیوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ این پی اے سی نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے داخلی سلامتی کے موضوع پر جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے کے لیے عوامی شعور اور سچائی پر مبنی بیانیہ فیصلہ کن ہتھیار ہے۔ ملاقات میں کشمیر اور غزہ پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق اور مظلوموں کی حمایت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
این پی اے سی نے منبر و محراب سے اتحاد امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کے پیغام کو ملک گیر سطح پر پھیلانے اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانیے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا اعلان کیا۔مزید برآں، مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی و رہنمائی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی گئی۔ ملاقات کو غیر معمولی طور پر مفید قرار دیتے ہوئے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی گئی۔