لاہور: شہر میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہو گئیں اور متعدد کرکٹ میچز ملتوی کر دیے گئے۔
گراؤنڈز میں پانی بھر جانے اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان چیلنج کپ کا ماڈل ٹاؤن کلب گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا میچ ملتوی کر دیا گیا، جبکہ پنڈی جم خانہ گراؤنڈ پر جاری میچ بارش رکنے کے بعد کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔اسی طرح انور میموریل ویٹرنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے تین میچز بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ منتظمین کے مطابق گراونڈ کی صورتحال بہتر ہونے تک مزید میچز کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
تاہم، برائٹ مارننگ اور آشیانہ بوائز کے درمیان شیڈول میچ ڈیڑھ بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگر موسم اجازت دے تو باقی میچز بھی جلد ممکنہ وقت پر کرائے جائیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جس کے پیش نظر منتظمین نے کھلاڑیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کھیلوں کے شائقین بھی موسم کی صورتحال کے باعث میچز کی بحالی کے منتظر ہیں۔