صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لبنان کے یومِ آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کے مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان لبنان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور مشکل وقت میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔صدرِ مملکت نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور جنگ بندی کے ضامن ممالک سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی افواج فوری طور پر جنوبی لبنان سے انخلاء کریں تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو۔صدر زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور بے گھر لبنانی شہریوں کی محفوظ واپسی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔