خلیج تعاون کونسل کا پاکستان ، بھارت سے تحمل کا مظاہرہ: فوری مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ

 سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری اپنی کوششیں تیز کرے،سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی 
 جدہ(آئی این پی )خلیج تعاون کونسل نے جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے فوری مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے، بات چیت کی زبان کو ترجیح دینے پر زور دیا۔انہوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اختلافات کے حل کیلئے پرامن ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، دہشت گردی کی مخالفت میں خلیج تعاون کونسل کے اصولی موقف کا بھی اعادہ کیا۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری اپنی کوششیں تیز کرے۔