لاہور میں درجہ حرارت 23 ڈگری، بارش کا کوئی امکان نہیں

لاہور میں درجہ حرارت 23 ڈگری، بارش کا کوئی امکان نہیں

پاکستان کے مختلف شہروں میں آج موسم کی صورتحال مختلف رہی ہے، کہیں گرمی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بعض علاقوں میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کی تپش کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 264 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح کچھ یوں رہی:

برکی روڈ: 580
علامہ اقبال ٹاؤن: 422
سی آئی پی آر آفس: 356
بیدیاں روڈ: 243
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت   اسلام آباد  میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد شہر میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ صبح کے وقت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر  اور   گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔

ادھر شہر قائد کراچی  میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا جنوب مغرب سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔