آج درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچنے کا امکان، بارش کل متوقع

آج درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچنے کا امکان، بارش کل متوقع

کراچی میں سورج کی تپش اور سمندری ہواؤں میں نمی کے باعث گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم ان کی رفتار کم ہونے کے باعث حبس میں خاطر خواہ کمی نہیں آ رہی۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق آج کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسم کی صورتحال مختلف رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ سکھر میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، مظفرآباد میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، تاہم نمی کے زیادہ تناسب کے باعث گرمی کی شدت اس سے کہیں زیادہ محسوس کی گئی۔