اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ عالمی مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افراد کی تیاری کے جاری پروگرام کو وسعت دینے کے لئے پاکستان چین مذاکرات رواں ماہ شروع ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق چائنا انٹرنیشنل انٹیلیکٹیک گروپ کمپنی لمیٹڈ(سی آئی آئی سی گروپ) نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن آف پاکستان (نیوٹیک) کی چیئرپرسن مس گلمینہ بلال کو ان کی شاندار خدمات،موثر تعاون اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے اہداف کامیابی سے مکمل کرنے پر تعریفی خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کی بصیرت افروز قیادت نے چین اور پاکستان کے درمیان مہارتوں کی ترقی کے شعبے میں تعاون کو نئی جہت دی ہے۔ کمپنی کے مطابق ان کی اسٹریٹجک رہنمائی نے کثیرالجہتی شراکت داری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا اور مشترکہ اسکلز سرٹیفکیشن فریم ورک کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔اسی باہمی تعاون کے نتیجے میں پاکستان میں چینی
ویلڈنگ کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن متعارف کرائی گئی، جسے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے پائلٹ مرحلے کے دوران اکتوبر سے دسمبر 2025 تک 25 ویلڈرز کو جدید تقاضوں کے مطابق خصوصی تربیت دی گئی یہ ویلڈرز اس وقت پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے بلکہ عالمی معیار کی مہارتوں کا فروغ بھی ممکن ہوا۔