اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہا ہے قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست نہیں بلکہ یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ ان کے نزدیک قومی مفاد سے زیادہ اہم اپنی سیاست اور ذاتی ایجنڈا ہے۔ سوشل میڈیا ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا قومی سلامتی اور خطے کی موجودہ سنگین صورتحال کے پیشِ نظر آج وزیرِاعظم ہاؤس میں ایک نہایت اہم سیکیورٹی بریفنگ منعقد ہوئی، سیاسی قیادت کو خطے کی بدلتی صورتحال، درپیش خطرات اور پاکستان کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی اور اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے اس اہم قومی بریفنگ میں شرکت نہ کی۔پی ٹی آئی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ ان کے نزدیک قومی مفاد سے زیادہ اہم اپنی سیاست اور ذاتی ایجنڈا ہے۔ طارق فضل نے کہا کہ جب ملک کو اتحاد، سنجیدگی اور ذمہ داری کی ضرورت ہے تو اپوزیشن کا اس طرح کے اہم فورم سے غیر حاضر رہنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک طرزِ عمل ہے۔قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست نہیں بلکہ یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے۔