بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے انتشار پھیل رہا، رہنمائوں نے ازخود گرفتاریاں دیں،پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاجی کال نہیں یلغار کی دھمکی دی ہے، احتجاج اور یلغار سے کسی قیدی کو رہا نہیں کرایا جاسکتا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ جڑواں شہروں میں مکمل طور پر امن ہے، اسلام آباد میں ابھی تک مکمل خاموشی ہے کوئی احتجاج نہیں ہوا، احتجاج کی کال مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے، پولیس کو پی ٹی آئی رہنمائوں نے از خود گرفتاریاں دی ہیں، اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کے لیے راستہ بند کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، جب پاکستان کے آگے بڑھنے کی بات ہوتی ہے ان کو فساد یاد آ جاتا ہے، آپ نے ایس سی او کانفرنس میں دیکھا ان دنوں میں انہوں نے فتنا فساد پھیلانا چاہا، یہ 4سال حکومت میں رہے ہیں۔طارق فضل نے کہا کہ بانی پی ٹی کے احتجاج کا مقصد انتشار پھیلانا ہوتا ہے، ہمارے پاس انٹیلی جنس معلومات ہوتی ہیں کہ گذشتہ احتجاج میں ان کی گاڑیوں میں اسلحہ تھا، ان گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے انتشار پھیل رہا ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔