سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا: وزیرِ اعظم شہباز شریف

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچا لیا اور دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا۔ وزیرِ اعظم نے جامِ شہادت نوش کرنے والے پانچ سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی کامیاب کارروائی پر وہ ان کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور پورا ملک ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔