پشاور کے تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں عزیر ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حساس ادارے کے انسپکٹر شاہد انور ولد عبد الحنان کو ان کے گھر کے قریب فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ شہر میں ناکہ بندیوں پر پولیس کو الرٹ کرکے چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔جائے وقوعہ پر موجود افسر کے مطابق، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انسپکٹر شاہد انور کو ان کے گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حقائق اور قتل کی وجوہات سامنے آسکیں۔