پشاور میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب معروف یورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف ملک کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی کر دیا گیا۔
ڈاکٹر آصف ملک کوہاٹ کے رہائشی ہیں اور وہ حیات آباد میں امراضِ قلب کے ہسپتال اور پشاور جنرل اسپتال حیات آباد کے چیئرمین بھی ہیں۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر آصف ملک اپنے کلینک سے گھر جا رہے تھے کہ یونیورسٹی ٹاؤن کی سرکلر لین میں موٹر کار سوار نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خالی خول برآمد ہوئے۔ واقعے کا مقدمہ مجروح کے بیٹے یوسف آصف کی مدعیت میں تھانہ ٹاؤن میں درج کر لیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ابھی یہ واضح نہیں کہ حملے کا مقصد کیا تھا، لیکن مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔