کراچی میں لیاری گینگ وار کے کارندے دوبارہ متحرک، بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ

کراچی میں لیاری گینگ وار کے کارندے دوبارہ متحرک، بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ

کراچی میں لیاری گینگ وار کے کارندے ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں اور بھتہ خوری سمیت دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے جا رہے ہیں۔

رمضان المبارک اور عید کی آمد سے قبل اولڈ سٹی ایریا کے ساتھ دیگر علاقوں میں بھی ان کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

نیو کراچی میں بھتہ خوری کا واقعہ
منگل کے روز نیو کراچی میں دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے میں لیاری گینگ وار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کا مقدمہ نیو کراچی تھانے میں متاثرہ تاجر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے کی تفصیلات:

مقدمہ بھتہ خوری، جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مدعی کے مطابق اس کا نیو کراچی سیکٹر 11 ڈی میں کنفیکشنری کا کاروبار ہے، جہاں دیگر دکانیں اور کیبنز بھی قائم ہیں۔منگل کی رات 9 بجے دو مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور تمام دکانداروں سے ایک ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔دکانداروں کے انکار پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے ایک 3 سالہ کمسن بچہ، تیمور علی ولد نبیل ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوبارہ بھتے کی دھمکی اور پولیس کی کارروائی
مدعی نے مزید بتایا کہ رات 10 بجے ان کے اور دیگر دکانداروں کے موبائل نمبرز پر بھتہ خوروں کی جانب سے دوبارہ پیغامات موصول ہوئے، جن میں 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر 9 ایم ایم پستول کے ایک گولی کا خول قبضے میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے میں ملوث بھتہ خوروں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

تحقیقات کی پیشرفت:

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔کیس کی مزید تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو منتقل کر دی گئی ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
شہر میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری پر تشویش
شہر قائد میں لیاری گینگ وار کے دوبارہ متحرک ہونے اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافے پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس کی ناقص کارکردگی اور گینگ وار کے کارندوں کی دوبارہ سرگرمیوں نے تاجروں اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔