تجویز کردہ اضافی موضوعات ترقی پذیر ممالک کے لیے خاص طور پر اہم ہیں، پاکستانی متبادل مندوب کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (آئی ا ین پی) پاکستان نے سرحد پار آبی تعاون اور پانی، ماحول اور موسمیاتی تبدیلی کے تعلق کو 2026 کے اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کے مکالمے میں شامل کرنے کے لیے کلیدی موضوعات کے طور پر تجویز کیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ای سی او ایس او سی چیمبر میں ہونے والے 2026 اقوام متحدہ واٹر کانفرنس کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ یہ کانفرنس ایس ڈی جی 6کے ہدف سب کے لیے صاف پانی اور نکاسی آب کی فراہمی کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے،یہ براہ راست آئندہ نسلوں کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور عمل درآمد بدستور ایک بنیادی چیلنج بنا ہوا ہے،پاکستان کی تجویز کردہ اضافی موضوعات ترقی پذیر ممالک کے لیے خاص طور پر اہم ہیں کیوں کہ یہ علاقائی یکجہتی، امن، اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، ان موضوعات پر زیادہ توجہ دینے سے ممالک کو مشترکہ چیلنجز، بہترین طریقہ کار، اور مربوط حل پیش کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔