عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر انطالیہ میں سعودی عرب، بنگلہ دیشی، فلسطینی اور شامی قیادت سے غیر رسمی ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تبادلہ خیال

ترکیہ میں ایرانی صدر سمیت عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں امن کیلئے مسلسل سفارتی رابطے ناگزیر ہیں شہبازشریف
 وزیراعظم   شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، دونوں رہنمائوں نے  پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا
وزیراعظم  سے  فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفی کی ملاقات کی‘فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر مظالم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور  عوام کا شکریہ ادا کیا
انطالیہ( آن لائن ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس COP31 میں پاکستان کی نمائندگی کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی اداروں کے نمائندوں سے متعدد غیر رسمی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، خطے کی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو درپیش مشکلات پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی مملکت سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم نے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی خاتون اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی وزیر مملکتبرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔خوشگوار ماحول میں ہونے والی ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم اور عالمی رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جاری تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن، سلامتی و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا‘۔وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنا ضروری ہے