پنجاب کوسیاحتی ہب بنائیں گے‘تمام سہولتیں دی جائیں گی:مریم نواز

وزیراعلیٰ  کی زیرصدارت اجلاس‘پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات ‘ ٹریلز کی تعمیر و مرمت ‘بحالی اور پہلی ٹورازم اینڈ ہیر یٹیج اتھارٹی کی منظوری
 تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنانا چاہتے ہیں‘ ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا، فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائیگا:وزیراعلی

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اور بحالی‘پنجاب کے سب سے بڑے اور جامع ٹورازم پلان اورپنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیر یٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری دی گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں عالمی سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ پوری توجہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے‘  سیاحتی ہب بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں فروغ سیاحت کے لئے اہم فیصلے کئے گئے اور پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی اصولی منظوری دی گئی ۔پنجاب کی پہلی مکمل ٹورازم میگنی فیسینٹ ایپ تیار، جلد آغاز ہوگا۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے 170 سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کی جا سکے گی۔پہلی ٹورازم ایپ میگنی فیسینٹ پنجاب میں سیاحت سے متعلق تمام تر فیچرز شامل  کئے گئے ہیں۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے ٹریول وزٹ اور ہوٹل بکنگ بھی کی جا سکے گی۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے فوڈ پانڈا اور دیگر سروسز بھی حاصل کی جا سکیں گی۔میگنی فیسینٹ ایپ پر چیٹ بوٹ سے مفید معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔سیاحوں کے لئے ٹورسٹ ویلج بھی بنائے جائیں گے‘پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹورازم ٹریل بھی تیار کی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ مال روڈ،وال سٹی آف لاہور، سکھ سائٹ، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں بھی سیاحتی ٹریل میں شامل ہونگی۔سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، گوجرانوالہ، ایمن آباد سکھ ٹورازم ٹریل بھی قائم کی جائیں گی۔مختلف شہروں کے سیاحتی مقامات کو ٹورازم کلسٹرکے طور پر ڈویلپ کیا جائے گا۔ گندھارا تہذیب سے متعلق گندھار ٹریل میں ٹیکسلا میوزیم، دھر ما راچی کا، جو لیاں، سرکیپ اور گری قلعہ شامل کئے گئے ہیں۔پنجاب میں گوردوارے اور گرجاگھروں کے قدیمی عمارتوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملتان کی لیونگ ہیر یٹیج سائٹ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو وادی سندھ کی تہذیب کے نشان کے طور بحال کیا جائے گا۔اُچ شریف میں زائرین کی سہولت کے لئے خصوصی ٹریل ڈویلپ کی جائے گی۔چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کے لئے ڈویلپ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سیاحت کے فروغ کے لئے گورننس کی بہتری کے لئے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2025ء پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیر یٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری بھی دے دی۔لاہور، ملتان، بہاولپور، چکوال اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں ٹورازم سائٹس کو ڈویلپ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں عالمی سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنانا چاہتے ہیں۔ ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا، فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائیگا۔  پوری توجہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے، سیاحتی ہب بنائیں گے۔