صوبے میں لاکھوں روپے کے علاج اور ٹرانسپلانٹ مکمل مفت فراہم کئے جا رہے ہیں، غریب ہو یا امیر، سب بچے میرے اپنے ہیں
خصوصی بچے آزمائش نہیں بلکہ اللہ کی نعمت ہیں ،معاشرے کو امتیازی سلوک ختم کرنا چاہیے:وزیر اعلی پنجاب کا آٹزم ڈے پر خصوصی پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں لاکھوں روپے مالیت کے علاج اور ٹرانسپلانٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو ریلیف ملا ہے۔وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس میں 4 بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16 ہزار 625 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جبکہ 11 ہزار سے زائد کامیاب سرجریز مکمل ہو چکی ہیں، صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 7 ہزار 664 بچوں کے دل کے آپریشن اور دیگر طبی پروسیجرز انجام دیئے گئے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی غریب بچوں کے علاج کیلئے دروازے کھول دیئے گئے، جہاں 3 ہزار 802 بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر مکمل کیا گیا۔سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 2 ہزار ایک مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی، جن میں سے ایک ہزار 574 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کئے گئے، ان میں 255 مریضوں کے لیور ٹرانسپلانٹ بالکل مفت کئے گئے، جبکہ ہر لیور ٹرانسپلانٹ پر حکومت پنجاب نے تقریبا 65 لاکھ روپے خرچ کئے‘وزیراعلی نے کہا غریب ہو یا امیر، سب بچے میرے اپنے ہیں اور حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے‘دریں اثناء مریم نواز نے آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آٹزم ڈے پر خصوصی پیغام میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آٹزم کے شکار افراد کے حقوق، ان کی شمولیت اور معاشرے میں مساوی مواقع پیدا کرنے پر زور دیا اور آٹزم کے دن پر آگاہی کیساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے موثر عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔۔انہوں نے کہا کہ آٹزم میں مبتلا بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے، مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم سکول نہیں بلکہ سماجی انقلاب ہے، جو حب بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آٹسٹک بچوں کے علاج کی ایکٹیویٹی کو ہر ضلع کی سطح تک لے کر جائیں گے، خصوصی بچے آزمائش نہیں بلکہ اللہ کی نعمت ہیں اور معاشرے کو امتیازی سلوک ختم کرنا چاہیے